مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے آزاد کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ "آزاد کشمیر کا الیکشن ہم سے چھین لیا گیا ہے۔"
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ (ن) پر انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر گولیاں چلا کر اور خون بہا کر کامیابی حاصل کی جائے تو اسے شفاف انتخاب نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن انتخابی عملے کو اپنے ساتھ لے گئے اور بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے، جس سے پورا انتخابی عمل متنازع ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت پر عوام کا اعتماد قائم نہیں ہو سکے گا۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ابتدا ہی سے مرحلہ وار انتخابات کی مخالفت کی تھی اور انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست بھی دی تھی، تاہم حساس حالات کے پیش نظر مرحلہ وار انتخابی عمل کو قبول کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں تو اس کی کوئی قابلِ قبول وجہ سامنے لائی جائے۔




