مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔ ووٹرز کی بڑی تعداد کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے اسے شام 6 بجے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز اب شام 6 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ تاہم موسم کی خرابی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے 27 کے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عمل ملتوی کر دیا گیا کیونکہ پولنگ عملہ اور سامان بروقت نہیں پہنچ سکا۔

دوسری جانب وادی نیلم میں ووٹ ڈال کر واپس آنے والی گاڑی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھمقام منتقل کر دیا گیا۔

انتخابی عمل کے دوران سیاسی کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو شکایتی خط بھی ارسال کیا۔

ادھر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر قانون کے مطابق فیصلے کرے گا، جبکہ انٹرنیٹ بحالی کے لیے بھی متعلقہ حکام کو خط لکھا جا چکا ہے۔