بدین: ضلع بھر میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش اتوار کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے باعث گزشتہ رات سے ضلع کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، جو تاحال بحال نہیں ہو سکی۔ شہریوں نے طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب، بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود شہر کے نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث بارشی پانی کی نکاسی کا نظام بھی متاثر رہا، جس سے کئی رہائشی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔
ادھر پنگریو کے نواحی گاؤں حاجی صادق آرائیں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسلسل بارش کے باعث ایک گھر کی چھت اچانک گر گئی۔ ملبے تلے دب کر 22 سالہ رمیش کولی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش ملبے سے نکال کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے آئندہ بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔




