کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بو پھیلنے پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، تاہم سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے واضح کیا ہے کہ شہر میں کہیں بھی گیس لیکیج کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نئی گیس پائپ لائن کی گزشتہ روز ٹیسٹنگ کی گئی، جس کے دوران گیس کی بو پیدا کرنے والے کیمیکل (اوڈورنٹ) کی مقدار معمول سے زیادہ شامل ہوگئی۔ اسی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بو محسوس کی گئی، جسے شہریوں نے ممکنہ گیس لیکیج سمجھ کر شکایات درج کرائیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کے تمام گیس پریشرز معمول کے مطابق ہیں اور پورا نظام محفوظ طریقے سے کام کر رہا ہے۔ کسی بھی مقام پر گیس لیکیج کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ایس ایس جی سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال پر غیر ضروری پریشانی کا شکار نہ ہوں اور اطمینان کے ساتھ اپنے معمولات جاری رکھیں، کیونکہ گیس کی بو صرف ٹیسٹنگ کے دوران کیمیکل کی زائد مقدار شامل ہونے کے باعث پیدا ہوئی تھی۔