خیرپور: گاجاڻي اسپتال خیرپور کے انچارج اور سینئر ڈاکٹر اعجاز احمد گاجاڻي نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاجاڻي سینٹر گزشتہ 40 برس سے عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور یہاں ہر مریض کا بہترین انداز میں علاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل نسیم سیال اپنے اہل خانہ کے ہمراہ علاج کے لیے اسپتال آئے تھے، جہاں انہیں طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے ضروری مشورہ دیا گیا، تاہم وہ اس پر ناراض ہوگئے۔ بعد ازاں اسپتال اور عملے کی ساکھ متاثر کرنے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر اعجاز گاجاڻي کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے اور وہ خود بھی چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں اور دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مختیار گاجاڻي نے خیرپور میں خواتین کے علاج کے لیے پہلی گائنی اسپتال قائم کی، جبکہ انہوں نے خود بچوں کے علاج کے لیے پہلا خصوصی وارڈ قائم کیا۔ کئی برس تک میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے طور پر خدمات انجام دینے کے باوجود ان کے خلاف کبھی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، جو ان کی پیشہ ورانہ ساکھ اور عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔




