کراچی(شھزاد جلبانی): پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وفاقی وزیر داخلہ کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام کی حمایت، موجودہ نظام کے خاتمے اور نئے صوبوں سے متعلق بیانات آئین کے منافی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر وفاقی وزیر داخلہ واقعی نظام کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں تو انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا واضح طریقہ کار موجود ہے اور جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے قرارداد منظور نہ کرے، کوئی نیا صوبہ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں نئے صوبے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو پنجاب میں بنائے جائیں، جہاں ماضی میں اس حوالے سے قرارداد بھی منظور ہو چکی ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ آئین کے خلاف بات کرنے والے قوم کے مجرم تصور ہوں گے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ افواجِ پاکستان کا نام لے کر غیر ضروری انتشار پیدا کر رہے ہیں، حالانکہ افواج خود سیاست سے لاتعلقی کا واضح اعلان کر چکی ہیں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ اگر کوئی ہائبرڈ نظام کی تعریف کرتا ہے تو پھر اسے پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک پہلے ہی قرضوں پر چل رہا ہے، ایسے میں 22 صوبے بنانے کی بات کرنا قومی اخراجات میں مزید اضافہ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے ملکی سیاسی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بارہا جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا گیا، منتخب حکومتوں کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، 58(2)(b) جیسے اقدامات کے ذریعے حکومتیں برطرف کی جاتی رہیں، جبکہ آئین دینے والی قیادت کو بھی اقتدار سے ہٹا کر ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا واحد حل آئین کی بالادستی، جمہوریت کا تسلسل اور پارلیمانی نظام کا استحکام ہے۔

انہوں نے خالد مقبول صدیقی سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں مصطفیٰ کمال سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، جبکہ جلال پور کینال کے معاملے پر کہا کہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) میں زیر التوا ہے اور اجلاس ہونے پر پیپلز پارٹی اسے بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران معروف بزنس مین سعید ایس محمد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر نثار کھوڑو نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔