کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے مسلم لیگ (ن) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ "جو لوگ خیرات کی سیٹوں پر اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، وہ ہم پر چڑھائی نہ کریں۔"
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ 2024 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو شکست ہوئی تھی اور نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز اپنی نشستوں پر کامیاب نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کیا بلکہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہو کر آئی ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت کی صحت، ٹیکس وصولی، ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے جانے والے گھروں کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی جیسے اداروں سے ملک بھر کے ہزاروں مریض علاج کرا رہے ہیں۔
سعید غنی نے نئے صوبوں کے معاملے پر کہا کہ سندھ میں نئے صوبے کی ضرورت نہیں، جبکہ آئین کے مطابق کسی بھی نئے صوبے کا فیصلہ متعلقہ صوبائی اسمبلی ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے پنجاب میں نئے صوبوں سے متعلق ماضی کی قراردادوں کا بھی حوالہ دیا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن)، عظمیٰ بخاری اور پنجاب حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اور حقائق کو سامنے رکھ کر بات کی جائے، جبکہ پاکستان کی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔




