پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کے لیے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) سے باضابطہ رابطے شروع کر دیے ہیں، جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان اہم سیاسی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کی۔ تاہم جے یو آئی (ف) نے فی الحال اس تجویز کی حمایت نہیں کی اور مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی مشترکہ تحریک سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد کی فضا قائم ہونا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران آئندہ عام انتخابات میں ممکنہ مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو میں جے یو آئی (ف) کی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے براہِ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے کے معاملے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور متعدد اہم معاملات پر اتفاقِ رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔