راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود مسلسل مضبوط اور مستحکم رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی ایل اے کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔ ان کے بقول پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ وژن پر قائم ایک مضبوط رشتہ ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔