کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے باضابطہ طور پر جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر کا اضافی چارج سنبھال لیا۔ یہ ذمہ داری وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت سونپی گئی ہے، جو مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک برقرار رہے گی۔
یہ اضافی ذمہ داری سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد دی گئی۔
جامعہ کراچی میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے اساتذہ، افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیح جامعہ کو درپیش مسائل کا پائیدار اور مؤثر حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مسائل کی نشاندہی کافی نہیں بلکہ ان کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لے کر مستقل اصلاحات لانا ضروری ہے۔
انہوں نے اساتذہ، افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ اجتماعی ذمہ داری، ٹیم ورک، وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ دیانتداری کو فروغ دیں تاکہ جامعہ کراچی کے تدریسی اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو ملک کے ممتاز ماہر تعلیم، انجینئر اور تعلیمی اصلاحات کے علمبردار سمجھے جاتے ہیں۔ انہیں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، بین الاقوامی تعلیمی اشتراک، ڈیجیٹل تبدیلی اور ادارہ جاتی گورننس میں 25 برس سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی میں متعدد اصلاحات متعارف کرائیں، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا، عالمی جامعات کے ساتھ شراکت داری قائم کی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں تھرپارکر میں این ای ڈی کے ذیلی کیمپس کا قیام بھی عمل میں آیا، جس سے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو معیاری انجینئرنگ تعلیم کے مواقع میسر آئے۔
تعلیمی و انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا وسیع تجربہ، مؤثر قیادت اور اصلاحاتی وژن جامعہ کراچی میں تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔




