اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے عمل کے دوران جسمانی فٹنس ٹیسٹ کے مرحلے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دوڑ کے دوران 25 سالہ امیدوار اچانک گر کر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق پولیس لائنز میں جاری بھرتی کے عمل کے دوران امیدوار دوڑ کے مرحلے سے گزر رہے تھے کہ اسی دوران 25 سالہ اسحاق اچانک بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑا۔
امدادی ٹیم نے فوری طور پر نوجوان کو پولیس لائنز کی ایمبولینس کے ذریعے پمز اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان اسحاق کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ (کوٹکہ خان خیل) سے تھا اور وہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے جسمانی ٹیسٹ میں شریک تھا۔
واقعے کے بعد پولیس لائنز میں موجود دیگر امیدواروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی مزید معلومات اور وجوہات جاننے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔




