اسلام آباد: امریکی کانگریس کے دو رکنی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی قیادت کے درمیان بہتر تعلقات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات بھی روشن ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بومگارٹنر شریک ہوئے۔ وفد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کانگریسی وفد کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا اور کہا کہ امریکی قانون سازوں کا دورہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن سفارتی مداخلت کا بھی ذکر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک تجارت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن، اقتصادی شراکت داری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔