لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پر سخت تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا، "دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائنڈ پیپلز پارٹی آج خود دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟"
ان کا یہ ردعمل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ کی اس پریس کانفرنس کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزیاں ہوئیں اور الیکشن کمیشن غیرجانبدار ادارے کے بجائے ایک سیاسی جماعت کے انتخابی ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا۔ ان کے مطابق، مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کی نئی مثال قائم کی ہے۔
مریم نواز کا نام لیے بغیر حسن مرتضیٰ نے نواز شریف کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آج نواز شریف آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں تو اس کی بنیاد پیپلز پارٹی کی سیاسی جدوجہد ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ سے مریدکے تک ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوبی ہوئی ہے، جو سیلاب نہیں بلکہ نالے کا بند ٹوٹنے کا نتیجہ ہے۔
حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش کے بعد لاہور کی سڑکیں نالوں کا منظر پیش کرتی ہیں، جبکہ حکومت کے معاشی فیصلوں کے باعث لاکھوں میٹرک ٹن گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے، جس کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کر چکے ہیں اور معاملے کی قانونی تحقیقات کا مطالبہ کر چکے ہیں۔




