مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران مظفرآباد کی جانب کیا جانے والا مارچ ایک منظم سازشی منصوبہ تھا، جس کا مقصد بڑے پیمانے پر بدامنی، خونریزی اور ریاست میں انتشار پیدا کرنا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شرپسند عناصر کئی ہفتوں سے معصوم کشمیریوں کا خون بہانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان کے بقول، فسادی جدید اسلحے سے لیس ہیں اور اہم مقامات تک رسائی رکھتے ہیں، جہاں سے وہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر سے دور رہیں کیونکہ یہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس سے معصوم جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر پولیس کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے راولاکوٹ کی جانب مارچ کے دوران ہونے والے تصادم میں متعدد افراد کے جاں بحق اور کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے جانی نقصان کی حتمی تعداد کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔