راولپنڈی: جنرل سید عامر رضا نے باضابطہ طور پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھال لیا۔ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد انہوں نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عامر رضا کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے وطن کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل سید عامر رضا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں فیلڈ مارشل نے انہیں نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی سے متعلق معاملات اور نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔