تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر حمید رضا بابائی نے امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی امریکا کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حمید رضا بابائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی مرضی سے جنگ شروع کرے اور پھر جب چاہے جنگ بندی کا اعلان کر دے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے معاملات پر کسی ایک ملک کی بالادستی قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو امریکی دباؤ اور مطالبات کے سامنے مضبوطی سے ڈٹے رہنا چاہیے اور اپنی قومی خودمختاری، سلامتی اور اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
ایرانی نائب اسپیکر کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی اور ایران۔امریکا تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سیاسی اختلافات بدستور برقرار ہیں۔




