لندن: ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امید کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں مندی کا رجحان مزید مضبوط ہوگیا ہے۔

تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت میں 6.23 فیصد کمی کے بعد یہ 90.75 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ اس کی قیمت میں مجموعی طور پر 6.03 ڈالر فی بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 6.12 فیصد سستا ہو کر 83.84 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

دوسری جانب مربان کروڈ کی قیمت میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی، جہاں 9.44 فیصد کمی کے بعد اس کی قیمت 97.05 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔

ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ پیش رفت کے باعث تیل کی سپلائی میں اضافے کی توقعات نے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ ادھر قدرتی گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے، جسے عالمی طلب و رسد میں تبدیلی اور دیگر معاشی عوامل کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔