اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست اور خطے میں عدم استحکام کا بنیادی ذمہ دار ہے۔
خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات سیاسی بیان بازی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقائق کو مسخ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہیں، جو نہ تو مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام یا بامعنی مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ رائے کے مطابق ہونا باقی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی کوششیں اس کے اپنے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے ریکارڈ کے باعث کسی بھی اعتبار سے قابلِ اعتماد نہیں رہیں۔ ان کے بقول بھارت اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کے امن کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔
خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی بین الریاستی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے اس کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات دراصل بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی، داخلی کشیدگی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل سے توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔




