میرپور: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے آزاد کشمیر انتخابات سے ایک روز قبل الیکٹرک بسوں کی آمد پر شدید اعتراض کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اقدام انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور مبینہ دھاندلی کی کوشش ہے۔
میرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 20 کروڑ روپے مالیت کی الیکٹرک بسیں انتخابات سے ایک دن پہلے بھیج کر کشمیری عوام کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول، ٹرکوں اور بسوں کے ذریعے ووٹرز پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم کشمیری عوام کو اس طرح مالی یا مادی ترغیبات کے ذریعے خریدا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت مبینہ انتخابی دھاندلی کی نگرانی اور روک تھام کے لیے میرپور پہنچی ہے اور الیکشن کمیشن کو وفاقی وزرا کی انتخابی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کریں گے اور کسی بھی قسم کی سیاسی یا مادی ترغیب کو مسترد کر دیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر الیکٹرک بسیں میرپور آزاد کشمیر پہنچا دی گئیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا ہے اور الیکٹرک بسوں کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔




