لاہور: سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کے خلاف لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں ایک خاتون نے ان پر حملہ کروانے کا الزام عائد کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ خاتون عائشہ شرافت کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں رجب بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ 25 جولائی کو وہ اپنی دوستوں کے ہمراہ ایک نجی کیفے میں کھانا کھانے گئی تھیں، جہاں دو لڑکوں اور دو لڑکیوں نے ان کی ایک دوست کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی۔

شکایت کے مطابق بات بڑھنے پر ملزمان نے تشدد کرتے ہوئے تھپڑ مارے اور اسلحہ بھی نکال لیا، جبکہ میر شفیع نامی ایک ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی۔

مدعیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ حملہ رجب بٹ کے کہنے پر کروایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ الزامات کی قانونی جانچ جاری ہے۔