اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے حالیہ بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ "میاں صاحب برا نہ منائیں، کشمور ہو یا کشمیر، دونوں کے عوام اپنے حق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔"

بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر اور کشمور، میرپور اور میرپور خاص صرف ناموں میں ہی نہیں بلکہ اپنے مزاج، غیرت اور حقوق کے تحفظ کے جذبے میں بھی ایک جیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے عوام کسی کو اپنے حقوق پر سیاسی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چند روز قبل آزاد کشمیر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا تھا، "کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا، یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں۔ بلاول برخوردار، بات کا برا نہ ماننا، سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی جھگڑا نہیں ہونا چاہیے۔"

نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں کشمور اور کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا اور ماضی میں بھی میرپور آزاد کشمیر اور میرپور خاص میں ن لیگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ 27 جولائی کے آزاد کشمیر انتخابات میں بھی عوام ایک بار پھر اپنا فیصلہ دہرائیں گے اور کہا، "میاں صاحب برا نہ منائیں، 27 جولائی کو کشمیر میں تیر سے شیر کا شکار ہوگا۔"

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کا دفاع کریں گے اور کسی جماعت کو سیاسی برتری کے نام پر عوامی مینڈیٹ پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔