لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کو لاہور میں جلسہ کرنے کا مشورہ دیا، اس کی کلاس ہونی چاہیے۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے صدر زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے پیپلز پارٹی کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی خفت سے نجات مل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کی سالگرہ پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا، مگر خالی کرسیوں کے سامنے جلسہ کرنا خود ان کی توہین کے مترادف تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گورنر ہاؤس پنجاب میں ہونے والے پروگرام میں دو ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں، جبکہ شرکاء کی تعداد تقریباً 150 تھی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانے والے وہی لوگ ہیں جو پارٹی قیادت کو زمینی حقائق کے برعکس غلط رپورٹس دیتے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی قیادت اپنی جماعت سے زیادہ پنجاب حکومت پر توجہ دے رہی ہے، اگر وہ پارٹی کو منظم کرنے پر توجہ دیتی تو آج پنجاب میں اس کی سیاسی صورتحال مختلف ہوتی۔
لاہور جلسے کا مشورہ دینے والے کی کلاس ہونی چاہیے، عظمیٰ بخاری کی پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید
صدر زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد، خالی کرسیوں والے جلسے کو پارٹی قیادت کے لیے شرمندگی قرار دے دیا




