کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں سڑکوں پر آنے کا شوق ہے تو ضرور پورا کریں، موسم گرم ہے، پانی ہم پلا دیں گے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ 18 سال کا حساب مانگنے والے پہلے یہ بتائیں کہ سیاسی لانڈری سے دھلنے کا کتنا حساب عوام کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہیں چار صوبے نہیں سنبھل رہے، وہ نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کا آئینی اور جغرافیائی نقشہ کسی رہنما کی ذاتی خواہش پر تبدیل نہیں ہو سکتا۔ وزیر بلدیات نے الزام عائد کیا کہ اقتدار کے مزے لوٹنے والی ایم کیو ایم کو انتخابات قریب آتے ہی عوام کی یاد آ گئی ہے۔




