کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا صفایا سندھ پولیس کے لیے بڑا چیلنج ہے، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے بہترین اخلاق، دیانت داری اور پیشہ ورانہ قابلیت سے عوام کا اعتماد حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی نہ صرف اعزاز ہے بلکہ ایک بڑی ذمہ داری اور امتحان بھی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے نئے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ خلوصِ نیت، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ معاشرے میں امن و امان کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔




