کراچی: کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اہلکار کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ساحل کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم واردات کے بعد بلوچستان فرار ہوگیا تھا، تاہم جدید تفتیش اور کارروائی کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق رینجرز اہلکار عبدالقیوم کے قتل کی وجہ ذاتی دشمنی نکلی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل مکمل منصوبہ بندی کی، ریکی کی اور پھر فائرنگ کرکے رینجرز اہلکار کو قتل کیا۔
واضح رہے کہ رینجرز اہلکار عبدالقیوم کو 18 جولائی کو لیاری میں فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔




