کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدوار ن لیگ کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کی سربراہی میں پارٹی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر انتخابات اور سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ میڈیا گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی اور "ن لیگ کی کامیابی ایم کیو ایم کی کامیابی بھی ہوگی۔"
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے تعاون کے بدلے تین اہم مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں آرٹیکل 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم، سندھ کی گورنر شپ اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے عمل میں ایم کیو ایم کو شامل کرنا شامل ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے ایم کیو ایم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے انتخابات میں بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر خواہ مسلم لیگ (ن) کا ہو یا ایم کیو ایم کا، وہ تمام عوام کا نمائندہ ہوتا ہے۔




