میرپور (آزاد کشمیر): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، "بلاول! کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا، یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں۔"
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بلاول ان کی بات کا برا نہ مانیں، سیاست میں جماعتوں کے درمیان نوک جھونک ہونی چاہیے، تاہم اختلاف کو لڑائی جھگڑے کی شکل نہیں دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے ان کا تعلق انتہائی مضبوط ہے اور وہ آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول، میرپور ایک خوبصورت شہر ہے، مگر آج اس کی ترقی وہ نہیں جو ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کے اقتدار کے بعد آنے والی حکومتوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے کیا اقدامات کیے۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے ایک جامع ترقیاتی منشور لے کر آئے ہیں اور پاکستان و آزاد کشمیر کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نمایاں نظر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں کینسر اور دل کے امراض کے علاج کے لیے مزید جدید اسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آزاد کشمیر کے لیے جدید الیکٹرک بسیں اور 10 موبائل اسپتال فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملی تو آزاد کشمیر میں موٹرویز تعمیر کی جائیں گی، مری سے مظفرآباد تک ایکسپریس وے بنائی جائے گی، میرپور کے ہر گھر تک گیس کی سہولت پہنچائی جائے گی اور وفاقی حکومت سے میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کی سفارش بھی کی جائے گی۔




