اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کا کردار بالکل واضح ہے، جبکہ افغان عبوری حکومت دہشتگرد عناصر کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قیادت نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر وفاق کا ساتھ دیا اور قیامِ پاکستان میں بلوچستان کے عوام نے اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 90 ہزار افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے مستونگ میں سیشن جج کے حالیہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ واضح طور پر نظر آتا ہے، جبکہ افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک کو اس معاملے پر مسلسل آگاہ اور قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک سے دہشتگردی کا تقریباً خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم ایک منظم سازش کے تحت دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس چیلنج کا مقابلہ پوری قوم کو متحد ہو کر کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتکاری کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔