کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیس اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ہی عوام میں اپنا مثبت تاثر قائم کر سکتی ہے۔ عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون شکن عناصر کو عدالتوں کے کٹہرے میں لانا پولیس فورس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 300 سے زائد خواتین سمیت نئی کھیپ نے اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، جو عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پرامن زندگی فراہم کرنا اب نئے اہلکاروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت مختلف سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ عوام کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور خلوص نیت سے خدمت کرنا سندھ پولیس کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں پولیس کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
آئی جی سندھ نے ٹرینرز کے الاؤنس میں اضافے اور رزاق آباد، سکرنڈ اور حیدرآباد کے تربیتی مراکز کو پولیس ٹریننگ اسکول کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔




