ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے امتحانی پرچہ لیک کے معاملے پر جاری طلبہ احتجاج ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مظاہرین سے گھروں کو واپس جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارت میں پرچہ لیک کے معاملے پر جاری احتجاج کے دوران سلمان خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے ہی اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کر چکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سلمان خان نے لداخ کے معروف سماجی کارکن سونم وانگچک سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کو مزید نہ بڑھائیں اور اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔ انہوں نے وانگچک سے کھانا کھانے کی درخواست کرتے ہوئے اپنے گھر سے کھانا بھجوانے کی پیشکش بھی کی۔

دوسری جانب بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے طلبہ کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل ناانصافی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور طلبہ صرف اپنے حق اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اداکارہ سارہ علی خان نے بھی طلبہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ ملک کا روشن مستقبل ہیں، ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت جلد از جلد اس معاملے میں انصاف فراہم کرے گی۔