اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ بھی مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جنرل عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، جبکہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں بھی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔

جنوری 2025 میں انہیں چیف آف جنرل اسٹاف (CGS) مقرر کیا گیا تھا۔ اپنے فوجی کیریئر کے دوران وہ کمانڈر فور کور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی تقرری پاک فوج کی اعلیٰ قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔