کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام پر مبینہ فراڈ کرنے والے ایک جعلساز کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو پریڈی کے علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ ملزم خود کو ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا سینئر سیکریٹری ظاہر کر کے مختلف سرکاری دفاتر میں دھوکا دہی اور ذاتی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے سندھ اسمبلی کی مہر، سروس کارڈ کی کاپی اور جعلی لیٹر پیڈ بھی برآمد کر لیے، جنہیں مبینہ طور پر فراڈ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ایس آئی یو تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس مبینہ فراڈ نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔




