کراچی: دنیا کے بڑے کنٹینر بردار بحری جہازوں میں شمار ہونے والا "ایم ایس سی ڈیلیٹا (MSC Diletta)" کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ پہنچ گیا، جہاں اسے کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے مخصوص ٹرمینل پر لنگر انداز کر دیا گیا۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق اس دیو ہیکل بحری جہاز کی آمد بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر، جدید سہولیات اور مؤثر آپریشنل صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

کے پی ٹی نے بتایا کہ 400 میٹر طویل، 67 میٹر چوڑے اور 255,288 ڈیڈ ویٹ ٹن گنجائش رکھنے والا یہ جہاز دنیا کے بڑے تجارتی کنٹینر بردار بحری جہازوں میں شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق اتنے بڑے جہاز کی کامیاب آمد اور برتھنگ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کراچی پورٹ جدید سہولیات سے آراستہ ہے اور بڑے سے بڑے تجارتی بحری جہازوں کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بڑے بحری جہازوں کی آمد سے بندرگاہ کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا، عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد مضبوط ہوگا اور پاکستان کی سمندری تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔