نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ اور معروف تمل اداکار وجے نے نیٹ (NEET) امتحانی نظام کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نئی دہلی میں جاری طلبہ کے احتجاج کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر تمل زبان میں جاری اپنے بیان میں وجے نے کہا کہ ان کی جماعت تملگا ویٹری کزگم (TVK) کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ نیٹ امتحانی نظام کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اس معاملے پر نہ ووٹ بینک کی سیاست کرے گی اور نہ ہی جھوٹے وعدے کرے گی۔ ان کے مطابق موجودہ امتحانی نظام نے نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے خاندانوں کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

فلم "ماسٹر" اور "لیو" سے شہرت حاصل کرنے والے وجے نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ اگر نیٹ جیسے مرکزی امتحانات کا مستقل حل نکالنا ہے تو تعلیم کو دوبارہ ریاستی فہرست (State List) میں شامل کیا جائے تاکہ ریاستیں اپنے تعلیمی نظام سے متعلق خود فیصلے کر سکیں۔

انہوں نے مزید تجویز دی کہ اگر اس سلسلے میں قانونی یا آئینی رکاوٹیں موجود ہیں تو عبوری طور پر ایک خصوصی انتظام کے ذریعے ریاستوں کو طبی تعلیم سمیت تمام تعلیمی امور پر مکمل اختیار دیا جائے۔

وجے کا یہ بیان ان کی بطور اداکار آخری فلم "جنا نائگن" کی ریلیز سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا۔ اس بیان کے بعد وہ ان نمایاں شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے مبینہ نیٹ پیپر لیک تنازع پر ہونے والے طلبہ کے احتجاج کی حمایت کا اظہار کیا ہے، جن میں پرکاش راج، شبانہ اعظمی اور رتیش دیش مکھ بھی شامل ہیں۔