واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاد ازعور اور پاکستان مشن چیف ایوا پیٹرووا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگراموں پر پیش رفت، پاکستان کی میکرو اکنامک صورتحال، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلاتِ زر میں اضافے اور مالی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتری، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن اور سرکاری قرضوں کے مؤثر انتظام سمیت اہم معاشی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

آئی ایم ایف حکام نے انسانی وسائل کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، ٹیکنالوجی کے فروغ اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے، اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔