اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر ہونے والے حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات جہاز رانی، عالمی تجارتی نقل و حمل، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

شہباز شریف نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی سمندری تجارتی راستوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔