مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او مستونگ اللہ بخش بلوچ کے مطابق واقعہ ولی خان کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے سیشن جج کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کا گن مین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔




