کراچی: کراچی میں دودھ اور ڈیری مصنوعات کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث جانوروں کی خوراک کی سپلائی معطل ہونے سے ڈیری فارمرز شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ اور بلوچستان سے کراچی کے لیے بھوسے کی ترسیل 20 جولائی سے مکمل طور پر بند ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے ڈیری فارمز میں جانوروں کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شوکت مختار نے بتایا کہ بھوسہ لانے والے ٹرکوں کے مبینہ ناجائز چالان اور بھتہ خوری کے خلاف ڈیلرز نے احتجاجاً سپلائی روک رکھی ہے، جس سے لاکھوں مویشیوں کی صحت اور دودھ کی پیداوار خطرے میں پڑ گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جانوروں کو بروقت خوراک فراہم نہ کی گئی تو دودھ کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوگی، جس کے نتیجے میں کراچی کے شہریوں کو دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ کو ہنگامی خطوط ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے بھوسے کی ترسیل فوری بحال کرائی جائے تاکہ شہر کو ممکنہ ڈیری بحران سے بچایا جا سکے۔




