حیدرآباد:(تیمور بلوچ) حیدرآباد میں پاکولا فیکٹری کے قریب واقع حیسکو (واپڈا) کے ریجنل اسٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 حیدرآباد کی فائر فائٹنگ ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کے ذریعے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، جبکہ مسلسل فائر فائٹنگ آپریشن کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔ بعد ازاں کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشات کو ختم کیا جا سکے۔

واقعے کے نتیجے میں اسٹور میں موجود سامان کو نقصان پہنچا، تاہم ریسکیو ٹیم کی فوری کارروائی کے باعث بڑے پیمانے پر مالی نقصان اور کسی ممکنہ بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔