اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق کفایت شعاری اقدامات تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) اور اسٹیچوٹری باڈیز پر لازمی طور پر نافذ ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ اقدامات وفاقی حکومت کی لازمی ہدایات تصور کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ ادارے ان پر سختی سے عمل درآمد کے پابند ہوں گے تاکہ غیر ضروری اخراجات پر قابو پایا جا سکے اور مالی نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کفایت شعاری کمیٹی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ٹھوس وجوہات کی بنیاد پر کسی بھی معاملے میں کیس ٹو کیس بنیاد پر رعایت دینے کا فیصلہ کر سکے۔

وزارت خزانہ نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کفایت شعاری پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے اور مالی استحکام کے حکومتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔