لندن: دنیا کے سب سے بڑے جیک پاٹ گیم ’پاور بال‘ کا برطانیہ ورژن رواں ہفتے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت برطانوی کھلاڑی پہلی مرتبہ امریکی شرکا کے ساتھ مشترکہ جیک پاٹ جیتنے کے لیے مقابلہ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی نیشنل لاٹری کے تحت پاور بال گیم میں حصہ لینے کے لیے فی لائن 4 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے، جبکہ کھلاڑی منگل سے اس نئی لاٹری میں شرکت کر سکیں گے۔
اس وقت پاور بال جیک پاٹ کی مالیت کا تخمینہ 416 ملین امریکی ڈالر (311 ملین پاؤنڈ) لگایا گیا ہے، تاہم یہ رقم وقت کے ساتھ بڑھتے ہوئے کروڑوں بلکہ اربوں پاؤنڈ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ جیک پاٹ کی ادائیگی 30 سال کے عرصے میں قسطوں کی صورت میں کی جائے گی۔
برطانوی کھلاڑیوں کے لیے جیک پاٹ کی ابتدائی رقم 12 ملین پاؤنڈ سے شروع ہوگی، جبکہ گیم میں صرف برطانیہ کے شرکا کے لیے ’میچ ٹو مین نمبرز‘ (دو بنیادی نمبرز درست ہونے پر) کا اضافی انعام بھی رکھا گیا ہے، جس کے تحت 8 پاؤنڈ کا مقررہ انعام دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ’میچ فائیو مین نمبرز‘ (پانچ بنیادی نمبرز درست ہونے پر) کے درجے میں 1 ملین پاؤنڈ کا مقررہ انعام دیا جائے گا، جبکہ دیگر انعامات کا انحصار نکلنے والے نمبرز اور کامیاب کھلاڑیوں کی تعداد پر ہوگا۔




