مری: موسم گرما کی تعطیلات، سیاحوں کے غیر معمولی رش، مون سون بارشوں اور شدید دھند کے پیش نظر مری پولیس نے سیاحوں کے لیے اہم سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق خوشگوار موسم کے باعث مری میں ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مسافروں کی سہولت کے لیے پولیس افسران اور اہلکار اہم شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او مری نے بتایا کہ مون سون بارشوں اور دھند کے باعث متعدد مقامات پر حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار معمول سے کم ہے۔ تاہم آر ایم کے روڈ پر کارپٹنگ کے جاری کام کے علاوہ شہر کی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔

انہوں نے سیاحوں کو ہدایت کی کہ بارش اور دھند کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، کم حدِ نگاہ میں اوورٹیکنگ سے مکمل گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ غیر ضروری سائیڈ پارکنگ سے اجتناب کیا جائے، ٹریفک قوانین کی پابندی کی جائے اور مون سون کے دوران محتاط ڈرائیونگ اختیار کرتے ہوئے جلد بازی سے گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔