اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے ایک دیانتدار اور مخلص ثالث و سہولت کار کے طور پر اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
ایرانی وزیر داخلہ نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے تہران کے دورے پر بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان خیرسگالی اور یکجہتی کا مظہر قرار دیا۔




