راولپنڈی: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور خطے کے استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل قربانیوں اور کوششوں کو سراہا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دیا جائے گا۔