ناران/جام صاحب: ناران کاغان میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور جاں بحق و زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے میں جام صاحب کے رہائشی عرفان مغل ولد محمد اشرف مغل موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ اولڈ نواب شاہ کے رہائشی اسامہ مغل شدید زخمی ہوئے۔ دوسری جانب جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت حمزہ ولد قدیر مغل کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے ایک دوست اور گاڑی کے ڈرائیور کا تعلق خان پور سے ہے، تاہم ان کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

رپورٹ: ملک شبیر | جام صاحب