کراچی: کراچی سے ملک کے مختلف شہروں کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ ٹنڈو آدم اور وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہونے کے باعث کراچی سے ٹرین آپریشن عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مال گاڑی کی متعدد بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک بند ہو گیا، جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ حادثے کے فوری بعد دو ریلیف کرینوں کی مدد سے بحالی کا کام شروع کر دیا گیا، تاہم مکمل ٹرین آپریشن بحال ہونے میں کئی گھنٹے لگنے کا امکان ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پہلے ڈاؤن ٹریک سے گری ہوئی بوگیوں کو ہٹا کر جزوی طور پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کی جائے گی، جس کے بعد مکمل آپریشن بحال کیا جائے گا۔
حادثے کے باعث قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد، علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی جبکہ پشاور سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ٹنڈو آدم اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
ٹرینوں کی تاخیر اور آپریشن معطل ہونے کے باعث مختلف اسٹیشنوں پر موجود مسافروں کو شدید مشکلات اور انتظار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ریلوے حکام نے مسافروں سے صورتحال معمول پر آنے تک صبر اور تعاون کی اپیل کی ہے۔




