اسلام آباد: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ خطے کی سیکیورٹی، عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کریں گے۔

دورۂ پاکستان کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گی، جہاں باہمی تعاون کو نئی جہت دینے اور مستقبل کی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں، جبکہ کینیڈا میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔