اسلام آباد: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ڈی چوک فٹبال کے رنگ میں رنگ گیا، جہاں ہزاروں شائقین نے بڑی اسکرین پر اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان عالمی ٹائٹل کی جنگ دیکھنے کے لیے بھرپور شرکت کی۔
ڈی چوک پر فٹبال کے مداحوں، خاندانوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، جہاں شاندار ماحول، جوش و خروش اور نعروں نے پورے علاقے کو ایک منفرد رنگ دے دیا۔ شائقین نے اپنی پسندیدہ ٹیموں کے جھنڈے اور جرسیوں کے ساتھ یادگار لمحات کو خوب انجوائے کیا۔
ورلڈ کپ فائنل کی لائیو اسکریننگ کے دوران ماحول انتہائی پُرجوش رہا، جبکہ ہر حملے، گول کے موقع اور اہم لمحے پر حاضرین کے نعروں اور تالیوں سے ڈی چوک گونج اٹھا۔
دارالحکومت میں اس عوامی اجتماع نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں بھی فٹبال کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جو عالمی مقابلوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتی ہے۔




