اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر ملک کے سیاسی حالات کو خراب کرسکتی ہیں اور انہیں قومی رہنما کے طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام "جرگہ" میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے بارے میں بلاول کا رویہ مناسب نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے نفرت کی سیاست کے بجائے مثبت اور ذمہ دارانہ انداز اپنانا ضروری ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کسی کو لات مار کر پارٹی سے نکالنے کی نہ کبھی روایت رہی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل راٹھور نے کیا، جس کی وفاقی حکومت نے مکمل حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اپنے بیانات اور اشاروں میں اس فیصلے کی مخالفت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو وفاقی کابینہ سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ کشمیر سے متعلق خواجہ آصف کا بیان وفاقی حکومت کی پالیسی ہے یا نہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔




