واشنگٹن: امریکا کے محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر دنیا بھر میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے احتیاطی سفری الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر معمولی احتیاط برتیں، مقامی سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنے اردگرد کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔
اعلامیے کے مطابق پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور دیگر سفری پابندیوں کے باعث سفر میں رکاوٹیں اور مشکلات پیش آ سکتی ہیں، لہٰذا شہری سفر سے قبل تازہ معلومات حاصل کریں۔
محکمہ خارجہ نے مزید خبردار کیا ہے کہ ایران سے وابستہ گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو بھی سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔




